اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اوکاڑہ محمد شجعین وسطرو نے عوامی ریلیف کی فراہمی اور زیر التوا مقدمات کے جلد از جلد تصفیے کے لیے ایک ہی روز میں 115 ریونیو کیسز کی سماعت کرتے ہوئے 34 دیرینہ مقدمات کے فیصلے سنا دیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی ریلیف وژن کے تحت منعقدہ سماعتوں کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے فریقین کے دلائل سنے اور میرٹ، قانون اور مکمل شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف کیسز کا جائزہ لیا۔ سماعت کے بعد 34 مقدمات موقع پر ہی نمٹا دیے گئے جبکہ دیگر کیسز پر قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اس موقع پر محمد شجعین وسطرو نے کہا کہ عدالتی عمل میں تیزی لانے کا بنیادی مقصد سائلین کو ان کی دہلیز پر فوری اور مؤثر انصاف فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور ان کے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے ریونیو ریکارڈ، دستیاب شواہد اور حقائق کی بنیاد پر مکمل شفافیت کے ساتھ کیے گئے ہیں۔ ریونیو معاملات میں تاخیری حربوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے مزید کہا کہ سائلین کو فوری، شفاف اور میرٹ پر مبنی انصاف کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ متعدد ریونیو کیسز کی سماعت اور ان پر بروقت فیصلے عوامی خدمت اور ریلیف کی فراہمی کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہیں، جن کے ذریعے عوام کے مسائل کو جلد حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔