فور ایل کے چکوک پانی کی قلت کا شکار، کسانوں کیلئے خصوصی اقدامات کا مطالبہ

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر)آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کے ترجمان ملک ظفر اقبال بھوہڑ نے مطالبہ کیا ہے کہ اوکاڑہ شہر کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جائے تاکہ دیہات میں رہنے والے افراد کو بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 190 اوکاڑہ کا اہم حصہ فور ایل کے چکوک پر مشتمل ہے، تاہم ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز کا زیادہ تر رخ شہری علاقوں کی جانب ہے جبکہ دیہی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔

ملک ظفر اقبال بھوہڑ نے کہا کہ فور ایل کے بیشتر علاقوں میں زیر زمین پانی کڑوا ہے اور پانی کی شدید قلت کے باعث کسانوں اور مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو ٹیوب ویلوں کی تنصیب اور آپریشن کے لیے خصوصی گرانٹ فراہم کی جائے تاکہ زرعی سرگرمیوں کو سہارا مل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام نالہ جات کو پختہ کیا جائے تاکہ پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے اور آبپاشی کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔ ان کے بقول زرعی شعبے کی بہتری اور دیہی معیشت کے استحکام کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں۔

ترجمان آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن نے 22 فور ایل اور 23 فور ایل کے کسانوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی مسلسل کمی کے باعث متعدد خاندان شدید مشکلات کا شکار ہیں اور بعض لوگ نقل مکانی پر بھی مجبور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عوامی نمائندوں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ دیہی علاقوں کے مسائل کے حل اور کسانوں کی مشکلات کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے