خواتین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد، متعلقہ حکام سے براہ راست رابطہ

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ احسان اللہ ایاز)وائز اور سنگت ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام میونسپل کمیٹی کے کمیٹی ہال میں خواتین کے لیے ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، میڈیا نمائندگان، سول سوسائٹی کے ارکان اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد خواتین کو اپنے مسائل براہ راست متعلقہ حکام تک پہنچانے اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔

کھلی کچہری میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رانا انصر جمیل، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالقیوم، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر حافظ وقار، سی ای او میونسپل کمیٹی سٹی ننکانہ راؤ انوار، ستھرا پنجاب کے میڈیا کوآرڈینیٹر صہیب رمضان اور وائز کی نمائندہ بشریٰ خالق سمیت مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

میڈیا کی جانب سے سینئر صحافی سمیع اللہ عثمانی اور احسان اللہ ایاز بھی شریک ہوئے جبکہ پروگرام کی نظامت وومن فیسلیٹیشن سینٹر کی زکیہ رانی نے انجام دی۔

اس موقع پر ننکانہ صاحب کی مختلف خواتین نے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز متعلقہ محکموں کے سربراہان کے سامنے پیش کیں۔ افسران نے خواتین کو دستیاب سہولیات، سرکاری خدمات اور مسائل کے حل کے لیے موجود طریقہ کار سے آگاہ کیا اور عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر بشریٰ خالق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر تمام سرکاری ادارے باہمی تعاون، رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں تو شہریوں کو بہتر اور فوری ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مسائل کے حل کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

پروگرام میں سماجی شعبے سے پہچان ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر عابد علی عابد، صفیہ رفیق ویلفیئر سوسائٹی کی صدر حافظہ سمیعہ بانو، شہری اجتماعی ترقیاتی کونسل کے حسن اکمل، شبانہ ناز، چوہدری ندیم گجر، بشیر مسیح بھٹی، لبنیٰ شہزادی اور جی آر ویلفیئر سوسائٹی کی کشور سلطانہ سمیت دیگر سماجی کارکنوں نے بھی شرکت کی اور خواتین کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے