اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر)محکمہ سول ڈیفنس نے ضلع اوکاڑہ میں غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گزشتہ 15 روز کے دوران 40 غیر قانونی مراکز سیل کر دیے جبکہ متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی ٹیموں نے ضلع بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 15 غیر قانونی پٹرول پمپس اور 25 ایل پی جی شاپس کو سیل کیا۔ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی پٹرول پمپس کے مالکان کے خلاف 13 جبکہ ایل پی جی شاپس کے خلاف 10 مقدمات درج کروائے گئے۔ اس کے علاوہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 55 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے حفاظتی آگاہی مہم بھی جاری رہی، جس کے تحت مختلف تعلیمی اداروں اور صنعتی یونٹس میں 350 طلبہ اور ورکرز کو فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت فراہم کی گئی۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ بغیر اجازت قائم پٹرول پمپس اور گنجان آباد علاقوں میں گیس سلنڈرز کی ری فلنگ کرنے والی دکانیں کسی بھی وقت جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہیں، اس لیے ایسے کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر سے اس غیر قانونی دھندے کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں دن رات فیلڈ میں موجود ہیں اور قانون شکنی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
جاوید اختر کھچی نے مزید کہا کہ غیر قانونی پٹرول پمپس اور گیس سلنڈرز کی ری فلنگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے، لہٰذا حفاظتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔