ضلع ننکانہ صاحب میں چار روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہنگار احسان اللہ ایاز) ضلع ننکانہ صاحب میں چار روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ اور دیگر طبی حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ضلع بھر میں انسدادِ پولیو ٹیمیں فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہو چکی ہیں، جبکہ شہر کے مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس پر ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے بتایا کہ یہ مہم 16 اپریل 2026 تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع ننکانہ صاحب کے 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو یہ قطرے لازمی پلوائیں اور نمبرداران بھی اس قومی مہم کی کامیابی کے لیے ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پولیو کے قطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ مہم کو مؤثر بنانے کے لیے مجموعی طور پر 1198 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جانے کے علاوہ اسکولوں، بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز، ہسپتالوں اور شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں ٹیموں کی نگرانی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے ضلع بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ اور والدین سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، کیونکہ بچوں کا محفوظ مستقبل ہی ملک کی اصل ضمانت ہے۔ یہ مہم ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے تاکہ ضلع کو پولیو سے پاک کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے