سیالکوٹ: (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے محرم الحرام کے سلسلے میں ڈسکہ اور سمبڑیال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جلوسوں، مجالس، سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تحصیل امن کمیٹیوں کے ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا۔
ڈسکہ میں دورے کے دوران رکن قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نوشین افتخار، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما جمیل اشرف اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ جبکہ سمبڑیال میں اسسٹنٹ کمشنر عدنان بشیر نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ محرم الحرام کے تمام جلوسوں کے روٹس ہر لحاظ سے مکمل طور پر کلیئر اور محفوظ ہونے چاہئیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں میں کسی قسم کی رکاوٹ، تجاوزات یا دیگر مسائل ہرگز موجود نہ ہوں اور عزاداروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر ٹھنڈے پانی کی سبیلوں کا مناسب انتظام کیا جائے اور ہر سبیل پر انتظامیہ کا ایک ذمہ دار اہلکار تعینات کیا جائے تاکہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سبیلوں پر ٹھنڈے پانی اور شربت کے ساتھ ساتھ او آر ایس کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے تاکہ عزاداروں کو گرمی کی شدت سے بچایا جا سکے۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ ہر مرکزی جلوس کے ہمراہ ایمبولینس اور طبی عملہ موجود ہوگا جبکہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں میں کوئی گٹر کھلا نہ چھوڑا جائے اور تمام مین ہولز کے ڈھکنوں کے نیچے حفاظتی جال بھی نصب کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام جلوس عزت و احترام کے ساتھ مقررہ اوقات میں برآمد ہوں اور بروقت اختتام پذیر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈسکہ میں 29 جدید کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور حساس مقامات کی آن لائن مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ سٹیڈیم میں قائم مرکزی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ڈسکہ میں 7 اور 10 محرم کے دو مرکزی جلوسوں سمیت تحصیل بھر میں مجموعی طور پر 64 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے جن کی نگرانی اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اسی طرح سمبڑیال میں بھی 7 اور 10 محرم الحرام کو دو مرکزی جلوس نکالے جائیں گے۔ انتظامیہ نے جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی سروے مکمل کر لیا ہے جبکہ لٹکتی ہوئی بجلی کی تاریں ہٹا دی گئی ہیں اور اضافی اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جا رہی ہیں تاکہ رات کے اوقات میں بھی عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جلوسوں کے راستوں پر ڈی سلٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو محفوظ، پرامن اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
صوبائی وزیر محنت محمد منشاء اللہ بٹ نے انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہے اور عزادار اپنے مذہبی فرائض پرسکون ماحول میں ادا کر سکیں۔