ضلعی انتظامیہ خیبر کا عوامی رابطہ,جمرود میں کھلی کچہری، عوامی مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری

خیبر (کیو این این ورلڈ/بیورورپورٹ) ضلعی انتظامیہ خیبر کے زیرِ نگرانی جرگہ ہال جمرود میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی، ضلعی پولیس سربراہ وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر جمرود سلمان ہستم، نسیم اللہ شاہ، ایس پی جمرود بادشاہ گل سمیت مختلف محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں کوکی خیل اور ملاگوری کے ملکان، قبائلی مشران، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں، تاجر برادری اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے مسائل، تجاویز اور آراء ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کیں۔

کھلی کچہری کے دوران شرکاء نے تعلیم، صحت، نادرا، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق متعدد مسائل اجاگر کیے۔ عوام نے سکولوں کی اپ گریڈیشن، نادرا دفاتر میں خواتین عملے کی تعیناتی، پولیس شہداء کے بچوں کیلئے بڑے تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی، جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی، تاریخی بابِ خیبر کی تزئین و آرائش، ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں سہولیات کی بہتری اور عملے کی کمی جیسے اہم مسائل پر توجہ دلائی۔

ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سننے کے بعد متعلقہ محکموں کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر ان کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے بروقت اور پائیدار حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام اداروں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہد علی نے کہا کہ ضلع بھر کے عوامی اور اجتماعی مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو باقاعدگی کے ساتھ منصوبوں کا جائزہ لے کر معیار اور رفتار کو یقینی بنائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور عوام و انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کیلئے ضلع کی تمام تحصیلوں میں باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی عوام کو ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں تک براہِ راست رسائی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ شہری اپنے مسائل آسانی سے متعلقہ افسران تک پہنچا سکیں اور ان کے فوری حل کیلئے اقدامات کیے جا سکیں۔

کھلی کچہری کے شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس سلسلے کو عوامی فلاح اور بہتر طرزِ حکمرانی کیلئے اہم قرار دیا۔

مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت
QNN World

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے