کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/وقاراحمد اعوان کی رپورٹ) کندھ کوٹ کے نواحی علاقے رانو کے قریب بوہانی کے مقام پر موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شدید زخمی کر دیا جبکہ ملزمان موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق غلام حیدر گولو اپنی موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا کہ بوہانی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے اسے روک لیا اور اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ نوجوان کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں غلام حیدر گولو شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے کے بعد ملزمان موٹر سائیکل لے کر موقع سے فرار ہوگئے جبکہ زخمی نوجوان کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں سول اسپتال کندھ کوٹ منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
زخمی نوجوان کے ورثاء نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واردات کی اطلاع پولیس کو دے دی گئی تھی، تاہم تاحال ملزمان کی گرفتاری یا موٹر سائیکل کی برآمدگی کے لیے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
ورثاء اور علاقہ مکینوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کی جائے اور علاقے میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔