میرپور ماتھیلو اور گھوٹکی میں خسرہ پھیل گیا، 2 بچے جاں بحق

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو اور گھوٹکی کے مختلف دیہی علاقوں میں خسرہ کی وبا نے خطرناک صورتحال اختیار کر لی ہے۔ وبائی مرض کے باعث ایک ہی روز میں 5 سالہ بچی خدیجہ اور 8 سالہ ساجد زندگی کی بازی ہار گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خسرہ سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی مجموعی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ اس وقت مختلف نجی ہسپتالوں میں دو درجن سے زائد بچے زیر علاج ہیں، جن میں ایک ہی خاندان کے 6 بچے بھی شامل ہیں۔ متاثرہ بچوں کے ورثاء نے محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اہل علاقہ نے حکومت اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر میڈیکل ٹیمیں بھیجی جائیں اور بچوں کی ویکسینیشن کا عمل فوری شروع کیا جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وبا پورے ضلع کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت کے حکام نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خسرہ کی علامات ظاہر ہونے پر گھریلو ٹوٹکوں پر انحصار کرنے کے بجائے فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ طبی امداد میں تاخیر اور غیر مستند طریقہ علاج بچوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہا ہے، اس لیے طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے