اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی ریلیف کے پیشِ نظر ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق، اس فیصلے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385.54 روپے سے کم ہو کر 353.43 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ تیل کی قیمتوں میں ہونے والی اس کمی کے ثمرات فوری طور پر عام آدمی تک پہنچائے جائیں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں و دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے۔
پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل کے برعکس پٹرول کی قیمت میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے آج تمام ممالک کے لیے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کیا تھا، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔