ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر افتخار محی الدین کی دن رات کی محنت رنگ لے آئی، ڈی ایچ کیو ہسپتال کے حالات میں بہتری پر وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپیکشن ٹیم نے خراج تحسین پیش کیا اور انہیں "ہیرو آف دی ڈے” قرار دیتے ہوئے زبردست اپریسی ایشن دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپیکشن ٹیم کے رکن ثاقب علی عطیل نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا سرپرائز وزٹ کیا۔ تقریباً دو ماہ قبل بھی ہسپتال کا دورہ کیا گیا تھا جہاں ناقص کارکردگی کے باعث ضلعی انتظامیہ اور ڈاکٹروں پر منفی اثرات مرتب ہوئے تھے، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ننکانہ تسلیم اختر راؤ کی ہدایت پر ڈاکٹر افتخار محی الدین کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کا ایم ایس مقرر کیا گیا۔ انہوں نے دن رات محنت کرتے ہوئے ہسپتال کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو دیانتداری سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی اور خود بھی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔
وزیراعلیٰ کی اسپیشل ٹیم نے تقریباً چھ گھنٹے تک ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا، جن میں ایمرجنسی، جنرل وارڈ، لیبارٹری، ادویات کی فراہمی اور صفائی کا نظام شامل تھا۔ ٹیم نے مریضوں سے بھی بات چیت کی، جنہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بروقت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
دورے کے اختتام پر ٹیم نے ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ کی انتظامی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع میں صحت کے شعبے میں واضح بہتری آ رہی ہے۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر افتخار محی الدین کو بہترین کارکردگی پر "ہیرو آف دی ڈے” قرار دیتے ہوئے خراج تحسین اور بھرپور اپریسی ایشن دی گئی۔