دیپالپور میں زائد کرایہ وصولی ناقابل برداشت، اسسٹنٹ کمشنر کا سخت ایکشن

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) دیپالپور میں اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے کرایوں میں اوور چارجنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 مسافر گاڑیوں کو بند کر دیا جبکہ ڈرائیورز کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حکومتی مقرر کردہ کرایہ ناموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ اس دوران مسافروں سے براہِ راست کرایوں کے بارے میں دریافت کیا گیا، جس پر زائد کرایہ وصولی کے متعدد واقعات سامنے آئے۔

اوور چارجنگ ثابت ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 گاڑیوں کو تھانے منتقل کر دیا گیا اور موقع پر موجود ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے اس اقدام کو عوامی مفاد میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ حکومتی مقررہ کرایوں کی مکمل پابندی کی جائے اور کرایہ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں، بصورت دیگر اڈہ مالکان کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے