فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کا ارشد جمال کے انتقال پر اظہارِ افسوس

پشاور (کیو این این ورلڈ) معروف کاروباری شخصیت، کسٹمز کلیئرنگ اور لاجسٹکس کے شعبے سے وابستہ ارشد جمال بقضائے الٰہی انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے کاروباری، تجارتی اور کسٹمز ایجنٹس برادری میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

مرحوم ارشد جمال، جمال ایسوسی ایٹس کسٹم کلیئرنگ اینڈ فارورڈنگ اور جمال لاجسٹکس پرائیویٹ لمیٹڈ کراچی کے چیف ایگزیکٹو تھے۔ وہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے سابق نائب صدر، آل پاکستان کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن کراچی کے بانی اور سابق چیئرمین، جبکہ کراچی کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے بانی اور سابق جنرل سیکرٹری بھی رہ چکے تھے۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ گزشتہ روز جمعۃ المبارک کے موقع پر ادا کر دی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، بزنس کمیونٹی، فیڈریشن، مختلف چیمبرز آف کامرس، کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس برادری اور دیگر کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

دریں اثنا فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا پشاور کا ایک تعزیتی اجلاس ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی (ستارۂ امتیاز) کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر خالد شہزاد، نائب صدر امتیاز احمد علی، جنرل سیکرٹری میاں وحید باچا، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی فاروق احمد، عامر رضا، منصور احمد، جاوید خان، فیصل آفریدی، حاجی اعظم، عالی سرفراز، نعمان الحق اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء نے مرحوم ارشد جمال کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے