اوچ شریف: نہر سے نومولود بچی کی لاش ملنے پر علاقے میں چہ مگویاں

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف روڈ پر واقع اڈہ فیض واہ کے قریب لنک کینال فیض واہ سے ایک نومولود بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد علاقے میں غم و افسوس کی فضا چھا گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تقریباً چار فٹ گہرے اور پانی سے بھرے لنک کینال میں نومولود بچی کی لاش تیرتی ہوئی دیکھی گئی، جس پر ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاش کو پانی سے باہر نکال لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق موقع پر بچی کے وائیٹل سائنز کا جائزہ لیا گیا، تاہم اس میں زندگی کی کوئی علامت موجود نہیں تھی۔ بعد ازاں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے پولیس کی موجودگی میں نومولود بچی کی لاش قانونی کارروائی اور ضروری طبی معائنے کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمدپور شرقیہ منتقل کر دی۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور نومولود بچی کی شناخت سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ واقعے پر مقامی شہریوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے تعین اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے