انصار اللہ خلجی کی تعیناتی خوش آئند قرار

پشاور (کیو این این ورلڈ) اباسین کالم رائیٹرز ایسوسی ایشن (ACWA) کے صدر اور ممتاز سینئر کالم نگار ضیاء الحق سرحدی (ستارۂ امتیاز) نے انصار اللہ خلجی کی ڈائریکٹر جنرل اطلاعاتِ عامہ خیبر پختونخوا کے عہدے پر تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک احسن اقدام قرار دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ انصار اللہ خلجی محکمہ اطلاعات کے ایک سینئر، تجربہ کار اور پیشہ ور افسر ہیں، جنہوں نے نہ صرف محکمہ اطلاعات میں بلکہ مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں میں بھی اہم ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصار اللہ خلجی پشاور یونیورسٹی سے جرنلزم میں امتیازی حیثیت کے ساتھ فارغ التحصیل ہیں اور شعبۂ صحافت و اطلاعات میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔

ضیاء الحق سرحدی نے مزید کہا کہ انصار اللہ خلجی پشتو زبان کے معروف صاحبِ دیوان شاعر، ادیب اور متعدد کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ ان کی علمی، ادبی اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں محکمہ اطلاعات کی مزید بہتری اور مؤثر کارکردگی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ انصار اللہ خلجی کی تعیناتی کو صحافی برادری، کالم نگاروں، دانشوروں، اخباری مالکان، کاروباری شخصیات اور محکمہ اطلاعات کے اہلکاروں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور اس فیصلے کو مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اباسین کالم رائیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نے امید ظاہر کی کہ انصار اللہ خلجی اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور وسیع تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ اطلاعات کو مزید فعال اور مؤثر بنانے میں کامیاب ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے