ننکانہ صاحب: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) 327 ویں بیساکھی میلہ جنم خالصہ کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی جانب سے سکیورٹی اور ایمرجنسی انتظامات کو فول پروف بنایا گیا، جہاں 250 سے زائد ریسکیو افسران اور ریسکیورز نے مرکزی گوردوارہ جنم استھان سمیت اہم مقامات پر ہائی الرٹ رہتے ہوئے مکمل ریسکیو کور فراہم کیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے مذہبی رسومات میں شرکت کی، جس کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا۔ ان میں ریسکیو موبائل ٹیمیں، میڈیکل ریسکیو پوسٹیں، فائر سیفٹی یونٹس، سروور پر واٹر ریسکیو پوسٹ اور ریپڈ ریسپانس ٹیمیں شامل تھیں، جو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے بتایا کہ تین روزہ بیساکھی تقریبات کے دوران بین الاقوامی سطح پر آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین ریسکیو سہولیات فراہم کی گئیں، جس پر یاتریوں نے ریسکیورز کی بروقت اور مؤثر خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بڑے بین الاقوامی ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام ریسکیو افسران اور اہلکار خراجِ تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے نہ صرف تقریبات کے دوران بلکہ مختلف اضلاع سے آنے والے قافلوں (Convoys) کی نقل و حرکت کے دوران بھی مکمل ریسکیو کور فراہم کیا۔
محمد اکرم پنوار کے مطابق ریسکیو ایمرجنسی وہیکلز مختلف اضلاع سے واہگہ بارڈر تک یاتریوں کے قافلوں کے ہمراہ موجود رہیں گی تاکہ ان کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔