پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس 9 نومبر سے شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ساؤتھ ایئر ویز کے تعاون سے شروع ہونے والی اس سروس کے ذریعے دونوں شہروں کے درمیان فضائی رابطہ بحال ہوگا، جبکہ ابتدائی طور پر ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ یومِ اقبال کے موقع پر پشاور سے لاہور کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔ پہلی پرواز 9 نومبر کو تقریباً دوپہر ایک بجے پشاور سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔ ان کے مطابق دونوں شہروں کے درمیان فضائی سفر تقریباً 50 منٹ سے ایک گھنٹے میں مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس فضائی سروس سے لاہور میں مقیم خیبرپختونخوا کے شہریوں، کاروباری افراد اور ملازمین کو سفری سہولت میسر آئے گی اور انہیں طویل زمینی سفر سے بھی نجات ملے گی۔ ابتدائی طور پر ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ مسافروں کی ضروریات اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پشاور سے کوئٹہ کے لیے براہِ راست فضائی سروس پہلے ہی کامیابی سے جاری ہے، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں کو بھی فضائی رابطوں کے ذریعے منسلک کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، چترال اور پاراچنار کے لیے بھی فضائی رابطہ کاری کے امکانات پر کام جاری ہے تاکہ صوبے کے مختلف علاقوں کے درمیان سفری سہولیات بہتر بنائی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کو ایک بار پھر پھولوں کا شہر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں اور صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کے ساتھ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔