اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) محکمہ سول ڈیفنس نے غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں۔ مختلف مقامات پر چیکنگ کے دوران 2 ایل پی جی شاپس کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے، جبکہ قانونی دستاویزات نامکمل ہونے اور لازمی ’’کے‘‘ فارم فراہم نہ کرنے پر 5 پٹرول پمپس کو سیل اور 7 کو نوٹسز جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر کی ہدایات پر ضلع بھر میں غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ سول ڈیفنس کی فیلڈ ٹیموں نے مختلف مقامات پر پٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس کی چیکنگ کی، جس کے دوران قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والی 2 ایل پی جی شاپس کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔
اسی طرح نامکمل قانونی دستاویزات اور لازمی ’’کے‘‘ فارم کی عدم فراہمی پر 5 پٹرول پمپس کو سیل کردیا گیا، جبکہ مزید 7 پٹرول پمپس کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے کہا کہ غیر قانونی کاروبار اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ ایل پی جی کی فروخت اور پٹرول پمپس کے آپریشنز کے لیے مقررہ قانونی تقاضوں کی تکمیل اور حفاظتی انتظامات پر عملدرآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ محکمہ سول ڈیفنس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے چیکنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔