تہران(کیو این این ورلڈ)پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک اہم اور حساس سفارتی و عسکری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے ایرانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے اس دورے کے دوران اعلیٰ ایرانی حکام اور عسکری قيادت سے تفصیلی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاک ایران دوطرفہ تعلیمی و عسکری تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور خصوصاً خطے میں سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر جامع تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اس دورۂ ایران کے اہم ایجنڈے میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی و جنگی صورتحال کے خاتمے اور دونوں ممالک کے درمیان ثالثی میں پاکستان کے ممکنہ کردار پر بھی پیش رفت شامل ہے۔ اس دورے کو خطے میں امن و استحکام کی بحالی اور علاقائی تناؤ کو کم کرنے کی کوششوں میں انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔