بہاولپور (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بہاولپور میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور ان کے بھائی ملک منیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ پر جا کر رکن قومی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ملک محمد اقبال چنڑ کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک باصلاحیت، مخلص اور عوام دوست سیاسی رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوامی خدمت اور مسلم لیگ (ن) کے نظریے کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک محمد اقبال چنڑ نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وفاداری، ثابت قدمی اور سیاسی بصیرت کا عملی مظاہرہ کیا اور پارٹی کے ایک اہم اور متحرک رہنما کے طور پر نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے بطور رکن قومی اسمبلی اور صوبائی وزیر اپنے حلقے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق تعزیتی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مرحوم کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور استقامت دے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
تعزیتی ملاقات میں بہاولپور سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی، اراکین پنجاب اسمبلی، مقامی سیاسی رہنماؤں اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ کی سیاسی جدوجہد، عوامی خدمات اور علاقائی ترقی کے لیے کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
وزیراعظم کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ چنڑ ہاؤس میں سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود رہی۔ تعزیتی ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے ہمراہ وفد واپس روانہ ہوگیا۔