گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی کی رپورٹ) موسیٰ میڈیکل سینٹر قلعہ دیدار سنگھ کی انتظامیہ نے علاقے کے عوام کو معیاری، بروقت اور قابلِ اعتماد طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کا بنیادی مقصد مریضوں کو جدید طبی سہولیات اور بہترین علاج ایک ہی چھت تلے فراہم کرنا ہے۔
موسیٰ میڈیکل سینٹر کے ایڈمنسٹریٹر میاں محمد محسن نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانانِ گرامی، ڈاکٹرز، سماجی شخصیات اور دیگر شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ میڈیکل سینٹر کا قیام عوامی خدمت کے جذبے کے تحت عمل میں لایا گیا ہے تاکہ علاقے کے لوگوں کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں مریضوں کے علاج کے ساتھ ساتھ صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے، احتیاطی تدابیر سے متعلق معلومات فراہم کرنے اور جدید طبی سہولیات کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے تجربہ کار اور مستند ڈاکٹرز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ ہر مریض کو بہتر اور مؤثر طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔
میاں محمد محسن نے کہا کہ موسیٰ میڈیکل سینٹر مستقبل میں بھی عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے طبی شعبے میں مزید بہتری اور جدید سہولیات متعارف کرانے کے لیے کوشاں رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی خواہش ہے کہ موسیٰ میڈیکل سینٹر علاقے کے عوام کے لیے صحت، اعتماد اور خدمت کی ایک نمایاں علامت بنے اور ہر فرد کو علاج کی معیاری سہولت ایک ہی جگہ پر دستیاب ہو۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مریضوں کو بہتر ماحول، جدید طبی سہولیات اور پیشہ ورانہ خدمات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو صحت کے میدان میں درپیش مشکلات کا مؤثر حل فراہم کیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر ایڈمنسٹریٹر موسیٰ میڈیکل سینٹر میاں محمد محسن نے تمام مہمانوں، ڈاکٹرز اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے اور اس ادارے کو دکھی انسانیت کی خدمت کا مؤثر ذریعہ بنائے۔ آمین۔