میرپور (کیو این این ورلڈ) آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں واقع 13 انتخابی حلقوں میں کل ہونے والے عام انتخابات کے لیے پولنگ سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔ ڈی آر او آفس سے بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی مواد پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس کے بعد سخت سیکیورٹی میں پولنگ سامان متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے۔
انتخابی حکام کے مطابق پریذائیڈنگ افسران اپنی نگرانی میں پولنگ میٹریل پولنگ اسٹیشنز تک پہنچا رہے ہیں، جبکہ اس دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنز تک سامان کی بروقت ترسیل کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولنگ مقررہ وقت پر شروع ہوگی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میرپور جہانگیر احمد جرال نے کہا ہے کہ پولنگ میٹریل کی مرحلہ وار تقسیم کا عمل جاری ہے اور تمام انتخابی حلقوں میں پریذائیڈنگ افسران کو ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ باکسز سمیت تمام انتخابی مواد پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
جہانگیر احمد جرال نے کہا کہ انتخابات کے نتائج 27 جولائی کو مرتب کرکے فارم 26 پر درج کیے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں اور انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ووٹ صرف اصل قومی شناختی کارڈ پر ہی کاسٹ کیا جا سکے گا اور کسی دوسری دستاویز کی بنیاد پر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ ہمراہ لانے کی ہدایت کریں۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 611 پولنگ اسٹیشنز اور 1,011 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 8 ہزار 898، خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 2 ہزار 242 جبکہ مجموعی ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 11 ہزار 140 ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابی عمل کے لیے 3 ہزار 643 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ 320 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 162 کو حساس اور 129 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ آزاد، شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔