اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی ہدایت پر مون سون بارشوں کے پیشِ نظر ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت صفائی عملہ شہر بھر میں متحرک ہو گیا ہے۔ بارش کا پانی نکلتے ہی شہر کے مختلف علاقوں، نشیبی مقامات اور اہم شاہراہوں پر ہنگامی بنیادوں پر صفائی ستھرائی کا عمل شروع کر دیا گیا۔
ایم ڈی ستھرا پنجاب چوہدری عبدالجبار گجر کی براہِ راست نگرانی میں صفائی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور بارش کے بعد جمع ہونے والے کیچڑ، کچرے اور بند نالیوں کی صفائی میں مصروف ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق بارشوں کے بعد ممکنہ تعفن، گندگی اور ماحولیاتی مسائل سے بچاؤ کے لیے تمام دستیاب وسائل، مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایم ڈی ستھرا پنجاب چوہدری عبدالجبار گجر نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو صاف ستھرا اور کیچڑ سے پاک ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی نکاسی کے فوراً بعد صفائی عملہ بلا تعطل کیچڑ ہٹانے، نالیوں کی صفائی اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے کام میں مصروف ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر تمام سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی علاقے سے صفائی کے ناقص انتظامات کی شکایت موصول نہ ہو۔ ان کے مطابق ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کا مقصد ہر گلی، محلے اور بازار کو صاف، ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔