زیارت میں پولیس چوکی نشانہ بن گئی، فائرنگ کے تبادلے میں 9 اہلکار شہید

کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے ضلع زیارت میں مسلح دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق زیارت کے علاقے مانگی میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس چوکی کو نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 9 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔

ایس پی زیارت عبدالقدوس نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ حملہ آور 5 پولیس اہلکاروں کو اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سیکیورٹی اداروں اور پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیارت میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔

وزیر داخلہ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف ریاست کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے