اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "صاف ستھرا پنجاب” وژن کے برعکس اوچ شریف کی معروف شمس باغ مارکیٹ میں صفائی کی ابتر صورتحال پر شہریوں، تاجروں اور سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ مارکیٹ میں جگہ جگہ جمع کوڑا کرکٹ، تعفن اور بدبو کے باعث نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی تاجروں کے مطابق روزانہ بڑی مقدار میں کوڑا کرکٹ مارکیٹ میں جمع ہوتا ہے، تاہم کئی کئی روز تک اسے اٹھایا نہیں جاتا۔ ان کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں سڑتے ہوئے کچرے سے اٹھنے والی بدبو نے ماحول کو آلودہ کر دیا ہے، جبکہ مکھیوں، مچھروں اور آوارہ جانوروں کی موجودگی سے ڈینگی، ملیریا، ٹائیفائیڈ اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد مرتبہ شکایات اور نشاندہی کے باوجود میونسپل کمیٹی اور متعلقہ ویسٹ مینجمنٹ حکام کی جانب سے مؤثر عملی اقدامات نہیں کیے گئے، جس کے باعث عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق حکومتی دعووں اور زمینی صورتحال میں واضح فرق نظر آتا ہے اور صفائی کا نظام مؤثر انداز میں کام کرتا دکھائی نہیں دیتا۔
شہریوں، تاجروں اور سماجی تنظیموں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اوچ شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ شمس باغ مارکیٹ میں فوری ہنگامی صفائی آپریشن شروع کیا جائے، مستقل ویسٹ کلیکشن سسٹم نافذ کیا جائے اور اگر کسی قسم کی غفلت ثابت ہو تو ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ "صاف ستھرا پنجاب” مہم کی کامیابی کے لیے دعووں کے ساتھ عملی اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
نوٹ: اس خبر میں میونسپل کمیٹی، ویسٹ مینجمنٹ ادارے اور متعلقہ حکام کے حوالے سے بیان کیے گئے الزامات اور دعوے مقامی شہریوں، تاجروں اور سماجی حلقوں کے مؤقف پر مبنی ہیں۔ اگر متعلقہ ادارے یا حکام اس حوالے سے اپنا مؤقف دینا چاہیں تو کیو این این ورلڈ اسے بھی اسی اہمیت کے ساتھ شائع کرے گا۔