ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، ہندوکش ریجن میں 5.9 شدت کا زلزلہ

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ پنجاب میں لاہور، میانوالی، چکوال اور گردونواح میں محسوس کیے گئے، جبکہ خیبر پختونخوا کے پشاور، مردان، چارسدہ، سوات، صوابی، شانگلہ، بونیر، کوہاٹ، کرک، ملاکنڈ، باجوڑ، ہنگو، لوئر دیر، جنوبی وزیرستان لوئر اور دیگر علاقوں میں بھی زمین لرز اٹھی۔

آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم اور ملحقہ علاقوں جبکہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 جبکہ گہرائی 178 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا اور جھٹکے شام 6 بج کر 35 منٹ پر محسوس کیے گئے۔

یورپی زلزلہ مرکز نے زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی ہے۔

پشاور میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث خیبر پختونخوا اسمبلی کا جاری اجلاس احتیاطاً پانچ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے