رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار) رینالہ خورد کے نواحی گاؤں چک نمبر 32 ون اے ایل میں ٹیوب ویل کے کنویں کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے چار مزدور بے ہوش ہوگئے، جنہیں ریسکیو 1122 نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چار مزدور ٹیوب ویل کے کنویں کی صفائی میں مصروف تھے کہ اچانک آکسیجن کی کمی یا گیس بھر جانے کے باعث ان کی حالت غیر ہو گئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے چاروں مزدوروں کو کنویں سے نکال کر فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جبکہ ہسپتال ذرائع کے مطابق چاروں مزدوروں کی حالت پر ڈاکٹرز مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔