رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار) رینالہ خورد کے نواحی علاقے موضع جندارکہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک گھر سے ماں اور اس کے تین کمسن بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ راوی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 42 سالہ فوزیہ ریاض، 8 سالہ دعا فاطمہ، 7 سالہ جنید ریاض اور 6 سالہ داؤد ریاض کے نام سے ہوئی ہے۔ چاروں کا تعلق محمد ریاض ولد محمد اسماعیل کے خاندان سے بتایا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ماں اور بچوں کی ہلاکت کی ممکنہ وجہ مبینہ طور پر بسکٹ کھانا بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ابھی کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ، فرانزک تجزیے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
پولیس حکام کے مطابق کسی بھی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔