پشاور(کیو این این ورڈ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد ترجیحات بدل چکی ہیں، تاہم انتظامی افسران اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور صوبے کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، اور ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبہ بھر میں تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنا کر "کلین اینڈ گرین خیبرپختونخوا” کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے اوپن ڈور پالیسی اپنائے، باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کرے اور تمام سرکاری محکموں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری قائم رکھے۔
اجلاس کے دوران گورنر نے اعلان کیا کہ شہداء کے بچوں کے لیے پشاور میں کیڈٹ کالج قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پولیو مہم کی سخت نگرانی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت ترین اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ گورنر نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے پیش کی جانے والی انتظامی تجاویز کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ گورننس کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ان تجاویز پر سنجیدگی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔