آگمنٹین، ویلوسیف اور میوکین سیرپ کے جعلی بیچز کی نشاندہی: ڈریپ کی فارمیسیوں سے ادویات ضبط کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ):جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران کراچی میں معروف برانڈز کے نام پر تیار کردہ 5 جعلی ادویات پکڑی گئی ہیں، جس پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ریپڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مذکورہ بیچز کو مارکیٹ سے فوری ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کراچی نے جن 5 ادویات کے بیچز کو جعلی قرار دیا ہے ان میں درج ذیل شامل ہیں:
آگمنٹین ٹیبلٹ: سینے، ناک، گلے اور گردے کے انفیکشن کی اینٹی بائیوٹک
ویلوسیف کیپسول: نمونیہ، معدے اور گردے کے انفیکشن کی دوا
میوکین سیرپ: معدے کی جلن اور تیزابیت کا سیرپ
نیزومٹ نیزل سپرے: اینٹی الرجک سپرے (بیچ: FW099)
نوسپا فورٹ 80 ایم جی: پٹھوں کی سوزش اور درد کی دوا (بیچ: AN010)

ڈریپ کے الرٹ کے مطابق یہ تمام ادویات نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے معروف برانڈز کے نام پر غیر قانونی طور پر تیار کر کے مارکیٹ میں سپلائی کی گئی تھیں۔ لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران ان کے سیمپلز میں بنیادی خام مال (Active Ingredient) کی تصدیق نہیں ہو سکی، جس کے باعث ان کی افادیت و معیار غیر واضح ہے اور ان کا استعمال مریضوں کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے سندھ حکومت اور تمام صوبائی ڈرگ حکام سمیت فیلڈ فورس کو ہدایت کی ہے کہ ان تمام جعلی بیچز کو مارکیٹس، فارمیسیوں اور میڈیکل اسٹورز سے فوری طور پر قبضہ میں لے کر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے