رینالہ خورد میں ترقیاتی منصوبوں کی ڈیڈ لائن مقرر

رینالہ خورد ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شاہد زمان لک نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے ہمراہ تحصیل رینالہ خورد کا سرپرائز وزٹ کیا اور پی ڈی پی کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیشرفت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤ الدین سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ پراجیکٹ مینجر محمد رضوان نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں پی ڈی پی پراجیکٹس کی اب تک کی کارکردگی اور پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے رینالہ خورد شہر کے مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی کاموں کا خود جائزہ لیا، بالخصوص انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کے تعمیراتی کام اور وہاں استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی چیک کی۔ انہوں نے پی ڈی پی پروجیکٹس کے لیے زیر استعمال پائپ تیار کرنے والی فیکٹری کا بھی معائنہ کیا تاکہ سامان کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ شاہد زمان لک نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت اور اعلیٰ معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام کام مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیے جائیں۔

اس موقع پر انہوں نے نیشنل پریس کلب، جناح پریس کلب اور رینالہ پریس کونسل رجسٹرڈ کے صدور راجہ نبیل خضر، شہباز جاوید، علیم اللہ چودھری اور ارکان عمر ذوالفقار، راجہ محسن اور رانا عثمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے ترقیاتی پروگرام خطے کی تقدیر بدلنے اور علاقائی ترقی کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی اور انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک بننے سے رینالہ خورد شہر میں بارشی پانی کے نکاس کا دیرینہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کی بدولت علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں بھی تیز رفتار اضافہ ہوگا۔ فنڈز کا بروقت استعمال اور کام کی رفتار کو تیز کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونا چاہیے، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت، کوتاہی یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اپنے دورے کے اختتام پر اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد زمان لک نے شہریوں کی معلومات اور شفافیت کے لیے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی مکمل تفصیلات شہر بھر کے اہم اور نمایاں مقامات پر آویزان کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے