تاجر سے 15 لاکھ کا فراڈ کرنے والا رانا ندیم قانون کی گرفت میں

رینالہ خورد ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)تھانہ سٹی رینالہ خورد کی پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران جعلی چیک کیس میں ملوث روپوش ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم ٹاؤن رینالہ خورد کا رہائشی ملزم رانا ندیم چند ماہ قبل مقامی تاجر چوہدری مبشر یونس کے پاس آیا اور گاڑی خریدنے کے بہانے ان سے 15 لاکھ روپے بطور امانت حاصل کیے۔ ملزم نے مذکورہ رقم جلد واپس کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم جب رقم کی واپسی کا تقاضا کیا گیا تو ملزم ٹال مٹول سے کام لینے لگا۔

بعد ازاں ملزم نے چوہدری مبشر یونس کو 15 لاکھ روپے کا ایک چیک دیا، جو بینک سے کیش نہ ہو سکا اور ڈس آنر ہو گیا۔ جعلی چیک دینے کی پاداش میں پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ تو درج کر لیا تھا، لیکن وہ گرفتاری کے خوف سے روپوش ہو گیا تھا۔

گذشتہ روز تھانہ سٹی رینالہ کے سب انسپکٹر میاں اکمل نے مدعی کی نشاندہی پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ حقائق تک پہنچا جا سکے۔

اس موقع پر مدعی مقدمہ چوہدری مبشر یونس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر تاجر برادری اور معصوم شہریوں کی جمع پونجی لوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں، جو کہ معاشرے کے لیے ناسور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے لٹیروں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے تاکہ عوام ان کے شر سے محفوظ رہ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے