رینالہ خورد ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)میونسپل کمیٹی رینالہ خورد کے 118 سے زائد پنشنرز گزشتہ تین ماہ سے پنشن کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ اپنی زندگی کے قیمتی سال سرکاری فرائض کی ادائیگی میں صرف کرنے والے ان ریٹائرڈ ملازمین کا گزر اوقات اسی پنشن پر ہے، جو مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی رینالہ خورد سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو ستمبر، اکتوبر اور نومبر 2025 کی پنشن تاحال ادا نہیں کی گئی ہے۔ متاثرہ پنشنرز کا کہنا ہے کہ ایک طرف ان کی جائز رقم روکی گئی ہے تو دوسری طرف میونسپل کمیٹی کے اکاؤنٹنٹ اور دیگر ذمہ داران ٹھیکیداروں کو بلز کی مد میں کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کرنے میں مصروف ہیں۔
ریٹائرڈ ملازمین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پنشن بروقت نہ ملنے کی وجہ سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور وہ ادویات و دیگر ضروریاتِ زندگی سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کے اس رویے کو غریب کش قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ جن ملازمین نے اپنی پوری زندگی ادارے کی خدمت میں گزاری، آج انہیں اپنے حق کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑ رہی ہیں۔
متاثرہ پنشنرز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ رینالہ خورد میونسپل کمیٹی کے اکاؤنٹنٹ اور ذمہ دار افسران کی من مانیوں کا نوٹس لیا جائے اور ٹھیکیداروں کے بجائے پہلے ملازمین کی واجب الادا پنشن فوری طور پر جاری کرنے کے احکامات دیے جائیں تاکہ وہ اس معاشی بدحالی سے نجات پا سکیں۔