میہڑ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ: منظور علی جوئیہ) انڈس ہائی وے پر گنجڑوٹ نہر کے قریب کار اور رکشہ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ روڈ پر پیش آنے والے اس حادثے میں رکشہ اور کار کے درمیان زوردار ٹکر ہوئی، جس کے باعث ریشمان باگڑی نامی خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ پھیپھو باگڑی اور بادل باگڑی شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق خاتون اور زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل اسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق متوفیہ خاتون کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی، جسے آبائی شہر بھٹ شاہ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد کار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ آخری اطلاعات تک تھرڑی محبت تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔