اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے بینظیر روڈ پر قائم گندم خریداری مرکز کا دورہ کرتے ہوئے باردانہ کی تقسیم کے لیے جاری رجسٹریشن عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محسن گجر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کسانوں اور کاشتکاروں کی سہولت کے لیے رجسٹریشن کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ بینک اکاؤنٹس کھولنے کے لیے ایم سی بی اور یو بی ایل بینکوں کے نمائندگان بھی مرکز پر موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود کسانوں سے سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا، جس پر کسانوں نے حکومتی اقدامات پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کسانوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں اور رجسٹریشن مکمل ہوتے ہی باردانہ کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق رواں سال گندم کی خریداری پرائیویٹ ایگریگیٹرز کے ذریعے کی جائے گی جبکہ گندم کا سرکاری ریٹ 3500 روپے فی من مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 9 گندم خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو فی ایکڑ 100 کلوگرام کے 10 بیگز فراہم کیے جائیں گے اور زیادہ سے زیادہ 12 ایکڑ تک باردانہ دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ خریداری مراکز پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور چھوٹے کسانوں کو باردانہ کی تقسیم میں ترجیح دی جائے، جبکہ تمام مراکز پر کسانوں کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔