پولیس کی مختلف کارروائیاں، ڈاکو اور منشیات فروش مارا گیا، 3 اشتہاری زخمی حالت میں گرفتار

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ہونے والے پانچ الگ الگ مقابلوں میں دو ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزمان ہلاک جبکہ تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران منشیات، ناجائز اسلحہ، چھینی گئی موٹر سائیکل اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا۔

ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے علاقے میں پولیس ناکے پر مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی کے دوران ایک خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی ہے جو ڈکیتی، راہزنی، چوری اور موٹرسائیکل چوری سمیت 25 سے زائد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل سی سی ڈی گوجرانوالہ کے ساتھ مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا تھا۔ ملزم کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل، موبائل فون اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

دوسری کارروائی تھانہ سول لائن کے علاقے میں عمل میں لائی گئی جہاں منشیات فروشی کے مقدمات میں مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم ہارون اختر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس ناکے پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق تعاقب کے دوران وہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ملزم کے قبضے سے 12 کلو گرام چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔

تھانہ پیپلز کالونی پولیس نے ایک مقابلے کے دوران قتل، اقدام قتل اور منشیات فروشی کے مقدمات میں مطلوب ملزم قیصر محمود کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے 680 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔

ادھر تھانہ اروپ پولیس نے راہزنی، چوری اور موٹرسائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں ملوث ملزم شہریار کو گرفتار کرنے کے لیے ریڈ کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی اور فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہو گیا، جسے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔

اسی طرح تھانہ احمد نگر پولیس نے راہزنی اور چوری کے مقدمات میں مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم تناوش علی کو کارروائی کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے تمام پولیس مقابلوں کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے متعلقہ ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے جرائم پیشہ عناصر، ڈاکوؤں اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون شکن عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے