سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) چہلم کے موقع پر امن و امان، سکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے دفتر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال میں تحصیل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ایس ڈی پی او) سجاد احمد باجوہ نے کی۔ اجلاس میں تحصیل امن کمیٹی کے اراکین، حافظ محمد آصف، مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، مشائخ عظام اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران چہلم کے جلوسوں اور مجالس کے انتظامات، سکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے چہلم کے موقع پر عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ نے اجلاس میں شریک علماء کرام، مشائخ اور دیگر شرکاء کی آراء فرداً فرداً سنیں اور متعلقہ محکموں کے افسران کو درپیش مسائل کے فوری حل اور انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ چہلم کے تمام جلوسوں اور مجالس کے دوران سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عزاداران کو پرامن اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔