گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ میں 179 ملی میٹر ریکارڈ بارش کے بعد کمشنر گوجرانوالہ محمد علی علی الصبح مختلف علاقوں کے دورے پر نکل آئے اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شمسی انڈر پاس چوک، حیدری انڈر پاس، سوئی گیس روڈ اور مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو بارشی پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران واسا حکام نے کمشنر کو نکاسیٔ آب آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر محمد علی نے ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل استعداد کے ساتھ فعال رکھنے اور نشیبی علاقوں سے پانی کے فوری اخراج کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
کمشنر محمد علی نے انکشاف کیا کہ ایک مقام پر واسا کی ٹیم موجود نہیں تھی، جس پر انہیں فوری طور پر کال کرکے موقع پر طلب کیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نکاسیٔ آب کا عمل مکمل ہونے تک فیلڈ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مون سون سیزن کے دوران تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل اور مشینری ہر وقت تیار رکھی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیمیں بارش کے بعد مسلسل فیلڈ میں متحرک ہیں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے ذریعے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔