سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف مدثر رتو) سینئر ممبر وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم ثاقب علی عتیل نے ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق کے ہمراہ سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں، ہنگامی منصوبوں اور مون سون بارشوں سے نمٹنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ثاقب علی عتیل نے محکمہ اریگیشن کے زیر انتظام نالوں کی صفائی اور ڈی سلٹیشن کے کام پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نالوں کی صفائی کے شیڈول اور موجودہ صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جائے اور غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سینئر ممبر وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دستیاب وسائل، مشینری اور افرادی قوت کے ڈیپلائمنٹ پلان کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور مربوط حکمت عملی کے تحت ہنگامی تیاریوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے ضلع بھر میں مخدوش اور خطرناک عمارتوں کا دوبارہ سروے مکمل کرنے، سانپ اور کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین کی وافر دستیابی یقینی بنانے اور مویشیوں کے لیے چارے کی فراہمی کے انتظامات برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات مکمل اور ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
دوسری جانب سیالکوٹ میں حالیہ بارش کے دوران اوسطاً 174 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد واسا، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شہزاد بارش کے دوران مسلسل فیلڈ میں موجود رہے اور نکاسیٔ آب کے عمل کی خود نگرانی کرتے رہے۔
ہنگامی آپریشن کے دوران چرچ روڈ، مجاہد روڈ، شہاب پورہ، عالم چوک، سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال روڈ، خادم علی روڈ، دارہ آرائیاں، کچہری چوک سمیت شہر کے 18 نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی گئی، جس کے نتیجے میں اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی اور معمولات زندگی بحال ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق نے کہا کہ بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے، جبکہ واسا کی ڈی واٹرنگ مشینیں، ہیوی مشینری اور فیلڈ ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی گئی اور ہر مقام پر بروقت رسپانس فراہم کیا گیا۔ انہوں نے واسا، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مؤثر مانیٹرنگ اور بروقت اقدامات کی بدولت شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا اور ہنگامی آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
