چوچک پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، اغوا کے دو مقدمات بھی درج

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) تھانہ چوچک پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کی 11 کلو چرس برآمد کر لی، جبکہ ایک ملزم سے ناجائز اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ دوسری جانب تھانہ صدر رینالہ خورد کے علاقے میں شادی شدہ خاتون سمیت دو خواتین کے اغوا کے الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ چوچک نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ملزم حیدر علی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 10 کلو 400 گرام چرس برآمد کی، جبکہ ملزم ذیشان کے قبضے سے 600 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ایک اور کارروائی میں ملزم شیراز سے ایک بندوق اور متعدد کارتوس برآمد کر لیے گئے۔ پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے انہیں جیل بھجوا دیا۔ ایس ایچ او چوچک رؤف اسماعیل نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ادھر تھانہ صدر رینالہ خورد کے علاقے میں اغوا کے دو واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق چک نمبر 13 ون ایل کے رہائشی جیب اللہ نے مقدمہ درج کروایا کہ محمد انس اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اس کی 17 سالہ بہن کلثوم کو اغوا کر کے لے گیا۔ ایک دوسرے مقدمے میں محمد یعقوب نے الزام عائد کیا کہ عمران اور فاطمہ زوجہ اکرم اس کی اہلیہ صفیہ کو اغوا کر کے لے گئے اور جاتے ہوئے گھر سے 90 ہزار روپے نقدی اور دو تولہ طلائی زیورات بھی ساتھ لے گئے۔

پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے