ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی کے شعبے سے وابستہ سینٹری ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ملازمین کو سوشل سیکیورٹی کارڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس پیش رفت میں ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کے محمد یعقوب اور ان کی ٹیم کی کاوشیں نمایاں رہیں، جن کی بدولت ورکرز کو علاج معالجہ، مالی معاونت اور دیگر فلاحی سہولیات تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔
اس موقع پر یونین کونسل 52 حاجی غازی غربی سے تعلق رکھنے والے ایک سینٹری ورکر نے سوشل سیکیورٹی کارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت ان جیسے محنت کش افراد کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیکیورٹی کارڈ کے ذریعے نہ صرف ان کے علاج معالجے میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ ان کے اہل خانہ بھی مختلف سماجی اور فلاحی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
سینٹری ورکر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان، ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی انتظامیہ اور بالخصوص ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کے محمد یعقوب اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش طبقے کی فلاح کے لیے کیے گئے یہ اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ورکرز کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے ایسے مثبت اقدامات جاری رہیں گے۔
واضح رہے کہ "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی کے نظام کی بہتری کے ساتھ ساتھ سینٹری ورکرز کی فلاح، تحفظ اور سہولتوں کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ محنت کش طبقے کو بہتر اور باوقار ماحول فراہم کیا جا سکے۔