اوکاڑہ(کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) پنجاب آرٹس کونسل کی زیرِ اہتمام یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں “ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں — قوموں کی عزت ہم سے ہے” کے عنوان سے تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق منعقدہ اس پروگرام میں نوجوان مقررین نے خواتین کے معاشرتی کردار، عزت و وقار اور اہمیت پر مدلل اور پُراعتماد انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شرکاء کی تقاریر نے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی بنیاد اور اصل طاقت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے مثبت اور تعمیری پروگرامز کا انعقاد کر رہی ہے، جو نئی نسل میں اعتماد اور شعور کو فروغ دیتے ہیں۔
مقابلے کے ججز ڈاکٹر شعیب سلیم اور ڈاکٹر بلال زاہد تھے، جنہوں نے شرکاء کی تقاریر کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مقابلے میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 30 ہزار، 25 ہزار اور 20 ہزار روپے نقد انعامات دیے گئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس حماد احمد چیمہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروگرام زاہد عقیل نے طلبہ و طالبات کی شاندار صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تقریری مقابلے نوجوان نسل میں مثبت اظہارِ خیال، خود اعتمادی اور فکری شعور کو پروان چڑھاتے ہیں۔
تقریب میں اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات، والدین، معززینِ شہر اور میڈیا نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پنجاب آرٹس کونسل کی مثبت ثقافتی و تعلیمی سرگرمیوں کو سراہا۔