رینالہ خورد(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) رینالہ خورد میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے فرار ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تین مسلح ڈاکو تھانہ سٹی رینالہ خورد کی حدود میں نہر ٹو ایل کے کنارے واقع ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں واردات کر رہے تھے کہ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ ترجمان کے مطابق کراس فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا جبکہ دو ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے رینالہ سرکل پولیس مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہی ہے۔