اوچ شریف (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر اور گردونواح میں قائم دودھ کے چلروں پر مبینہ طور پر غیر معیاری اور ناقص دودھ کی فروخت نے شہریوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
شہریوں کے مطابق بعض مقامات سے حاصل کیا گیا دودھ گرم کرنے پر غیر معمولی طور پر گاڑھا ہو کر سوجی یا آٹے جیسے لوتھڑے نما مادے میں تبدیل ہو جاتا ہے، جس سے دودھ میں ممنوعہ کیمیکل اور غیر معیاری اجزا کی آمیزش کے سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ دودھ روزمرہ زندگی میں بالخصوص بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی بنیادی خوراک ہے، لہٰذا اس میں کسی بھی قسم کے کیمیکل یا ملاوٹ کا استعمال عوامی صحت کے لیے انتہائی خطرہ بن سکتا ہے۔
مقامی شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر کے دودھ چلروں اور سپلائی مراکز سے فوری طور پر نمونے حاصل کر کے سرکاری لیبارٹری سے ٹیسٹ کرائے جائیں اور ان کے نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ سے بھی معاملے کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے تاکہ انسانی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔