سیالکوٹ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف مدثر رتو) تحصیل سیالکوٹ کے علاقے چکرالہ کے قریب دریائے چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور دریا میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔
ریسکیو غوطہ خوروں نے مسلسل کوششوں کے بعد 18 سالہ کلیم، جو پریم نگر کا رہائشی تھا، اور 18 سالہ حسنین کی لاشیں دریائے چناب کے گہرے پانی سے نکال لیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر تمام ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں نوجوانوں کی میتیں ان کے لواحقین کے حوالے کر دیں، جس کے بعد علاقے میں شدید سوگ کی فضا چھا گئی اور اہل خانہ غم سے نڈھال ہو گئے۔
اس المناک حادثے کے بعد ریسکیو 1122 نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں، نہروں اور دیگر آبی مقامات پر نہاتے وقت انتہائی احتیاط برتیں، گہرے پانی میں جانے سے مکمل گریز کریں اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ قیمتی جانوں کو ایسے حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی فائل فوٹو
