گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ میں بااثر قبضہ مافیا کی جانب سے ایک بیوہ خاتون کے مکان پر ناجائز قبضے کا انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد متاثرہ خاتون اپنے ہی گھر سے محروم ہو کر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احمد رضا نامی شہری کے مکان پر آصف اور طیب نامی بااثر افراد نے دھونس اور زبردستی کے قائم پر ناجائز قبضہ کر لیا ہے۔ متاثرہ بیوہ خاتون کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہے اور اس کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان بااثر افراد نے گھر کا تقدس پامال کیا اور انہیں زبردستی گھر سے باہر نکال کر خود وہاں ڈیرہ ڈال لیا۔
مکان چھن جانے کے بعد متاثرہ بیوہ خاتون کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا اور وہ انصاف کے لیے مختلف دفتار کے چکر کاٹ رہی ہے۔ انہوں نے سی پی او گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے گھر پر قبضہ کرنے والے ملزمان کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ انہیں اپنا چھنا ہوا مکان واپس مل سکے۔
دوسری جانب یونان میں مقیم بیوہ خاتون کے بیٹے احمد رضا نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور دیگر اربابِ اختیار سے اپنے خاندان پر ہونے والے اس ظلم کے خلاف فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ ویڈیو میں نوجوان نے روتے ہوئے دہائی دی ہے کہ دیارِ غیر میں بیٹھے سمندر پار پاکستانیوں کے خاندان یہاں محفوظ نہیں ہیں، لہٰذا اعلیٰ حکام فوری مداخلت کر کے ان کی بوڑھی ماں کو ان کا ذاتی گھر واپس دلائیں اور انصاف کے تقاضے پورے کریں۔
نوٹ: متاثرہ خاندان نے اپنے دعوے کے ثبوت میں ملکیتی دستاویزات اورشواہد بھی فراہم کیے ہیں، جبکہ اس حوالے سے نامزد افراد کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔