راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) حکومت نے عمران خان کی صحت کے معاملے پر دو رکنی میڈیکل پینل تشکیل دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے بانی پاکستان تحریک انصاف کے لیے قائم کیے گئے میڈیکل پینل میں ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹر ندیم قریشی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل پینل کچھ دیر میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرے گا، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ کے جاری علاج کے تسلسل میں مزید معائنہ کیا جائے گا۔
اپنی ٹوئٹ میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج ماہرینِ امراضِ چشم ایک خصوصی طبی ادارے میں کریں گے اور ان کے علاج اور معائنے کی تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے معاملے پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔