آبنائے ہرمز کھل گئی، تیل کی قیمتوں میں کمی، ٹرمپ کا پاکستان کا شکریہ

تہران/واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) آبنائے ہرمز کھلنے سے عالمی کشیدگی میں کمی، تیل قیمتوں میں نمایاں کمی، ٹرمپ کا پاکستان سمیت اتحادیوں کا شکریہ

ایران نے لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں عالمی اہمیت کی حامل گزرگاہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر تجارتی جہازوں کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں کمی اور عالمی منڈیوں میں مثبت اثرات دیکھنے میں آئے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کو تمام کمرشل جہازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے اور جنگ بندی کی مدت کے دوران یہ راستہ مکمل طور پر فعال رہے گا، تاہم جہازوں کو مقررہ بحری راستوں کی پابندی کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد خطے میں استحکام اور عالمی تجارتی سرگرمیوں کی بحالی ہے۔

ایران کے اس اعلان کے فوری بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جہاں ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 11.17 فیصد کمی کے بعد 83.52 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ خام تیل 11.32 فیصد کمی کے بعد 88.07 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن پوری دنیا کے لیے ایک شاندار دن ہے اور اس پیش رفت میں کئی ممالک کا کردار قابل تحسین ہے، جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر بھی شامل ہیں۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران امریکا کی مدد سے آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں ہٹا رہا ہے اور ایران اس گزرگاہ کو دوبارہ بند نہ کرنے پر بھی آمادہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے نیٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت کے وقت وہ مؤثر کردار ادا نہ کر سکا۔

ادھر امریکی میڈیا کے مطابق امریکا ایران کے ساتھ 20 ارب ڈالر کے بدلے یورینیم معاہدے پر بھی غور کر رہا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں متوقع ہے۔

دریں اثنا کشیدہ صورتحال کے باوجود چند اہم پیش رفتیں بھی سامنے آئیں، جن میں ایرانی آئل ٹینکرز کی آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اطلاعات شامل ہیں۔ اسی طرح پاکستان کے جھنڈے والے آئل ٹینکر ’شالیمار‘ نے بھی حالیہ کشیدگی کے بعد اس حساس راستے کو عبور کر کے ایک اہم سنگ میل عبور کیا، جو خطے میں بتدریج بحالی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز کی بحالی عالمی معیشت کے لیے نہایت اہم پیش رفت ہے کیونکہ یہ گزرگاہ دنیا میں تیل کی ترسیل کا ایک بڑا ذریعہ ہے، اور اس کی بندش یا بحالی کے اثرات براہِ راست عالمی منڈیوں پر مرتب ہوتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے