گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس نے سابق ایس ایچ او قابل بھیو اور احاطہ عدالت میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے پولیس پر عائد دیگر الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس آئین، قانون اور میرٹ کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔
گھوٹکی پولیس کے مطابق قانون کی نظر میں تمام افراد برابر ہیں اور عدالتی احکامات اور فیصلوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سابق ایس ایچ او قابل بھیو کے خلاف عائد الزامات پر قانون کے مطابق کارروائی کی گئی، جبکہ احاطہ عدالت میں ان پر مبینہ حملے اور تشدد کے واقعے کا مقدمہ بھی قانونی تقاضوں کے مطابق درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر معاملے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ انکوائری جاری ہے۔ انکوائری کے دوران کسی بے گناہ شخص کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔
گھوٹکی پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران جو شخص بے گناہ ثابت ہوا، اس کا نام مقدمے سے خارج کردیا جائے گا، جبکہ واقعے میں ذمہ دار قرار پانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔