مبینہ دھمکیوں کے خلاف چاچڑ برادری سڑکوں پر آگئی، قرآن پاک اٹھا کر تحفظ مانگ لیا

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) اوباڑو میں چاچڑ برادری کے مردوں اور خواتین نے اپنی ہی برادری کے بعض افراد کے خلاف قرآن پاک اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

احتجاج کے دوران امیر خان چاچڑ نے الزام عائد کیا کہ ان کا معاملہ میاں رفیق احمد کے پاس طے ہوچکا ہے اور وہ اس فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں، تاہم غلام حیدر چاچڑ اور بگن چاچڑ مبینہ طور پر طے شدہ فیصلے کو تسلیم نہیں کر رہے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

امیر خان چاچڑ کا کہنا تھا کہ انہوں نے معاملے کے حوالے سے پولیس کو متعدد درخواستیں دیں، تاہم اس کے باوجود انہیں مبینہ طور پر ہراساں اور پریشان کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ایس ایس پی گھوٹکی اور ڈی آئی جی سکھر سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں اور ان کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مبینہ دھمکیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ جن افراد پر الزامات عائد کیے گئے ہیں، ان کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آسکا۔ متعلقہ افراد کا مؤقف موصول ہونے پر اسے بھی خبر میں شامل کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے